یواین آئی
بیروت// حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر حملے کے لیے آمادہ تو کر لیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔سربراہ حزب اللّٰہ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل لبنان میں اپنی موجودگی برقرار نہیں رکھ سکتا، لبنان جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دیں گے۔ انھوں نے کہا نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جارحیت کے لیے ٹرمپ کو آمادہ تو کر لیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، آج ایران اپنے سپریم لیڈر کی شہادت کے باوجود پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق سیکریٹری جنرل حزب اللہ نے اتوار کے روز کہا کہ اسرائیل کو ”لبنان چھوڑنا ہوگا”، نعیم قاسم نے اسرائیل کو ”جارح” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے اہلکاروں کے لیے ”کوئی محفوظ علاقہ نہیں ہوگا۔” انھوں نے کہا ”اسرائیل کے حالیہ جرائم میں اضافہ اور روزانہ شہریوں اور بچوں کا قتل، جیسے الطاہر خاندان کا المیہ اور گھروں کی تباہی، اس حکومت کی طاقت کو ظاہر نہیں کرتے بلکہ عالمی رائے عامہ کے سامنے اس کی کمزوری اور ذلت کی انتہا کو نمایاں کرتے ہیں۔”نعیم قاسم نے کہا اسرائیلی زیادتیوں کے مقابلے میں خاموشی لبنان کی قومی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، اور مزاحمت کبھی بھی اس طرزِ عمل کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی، حزب اللہ کو قیادت، عوام اور اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔