سرینگر//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے نگین کلب سرینگر میں 12 ویں جے اینڈ کے سٹیٹ ڈینٹل کانفرنس کا افتتاح کیا۔ چار روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کا انعقاد انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن نے کیا ہے۔ اس کا موضوع ہے’’ ایمرجنگ چیلنجز اینڈ نیور سلوشنز‘‘۔ کانفرنس میں ریاست کے علاوہ پنجاب اور دہلی سے تعلق رکھنے والے350 مندوبین شرکت کررہے ہیں اور وہ اپنے اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹ رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بالی بھگت نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کی بدولت اُبھرتے ہوئے ڈاکٹروں کو میڈیکل سائنس سے متعلق جدید ٹیکنالوجی سے روشناس ہونے کا موقعہ دستیاب ہوتا ہے۔ انہوں نے اس طرح کے پروگرام متواتر طور پر منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست میں صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کی وعدہ بند ہے تا کہ مریضوں کو اُن کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔گورنمنٹ ڈینٹل کالج سرینگر میں پی جی نشستوں کو بڑھانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت اس معاملہ پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور جموں ڈینٹل کالج میں بھی پی جی کورس عنقریب شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ مزید لگن اور تندہی کے ساتھ کام کر کے مشنری جذبے کے تحت مریضوں کی خدمت کریں۔اس موقعہ پر وزیر نے ایک سونیئر2017 بھی جاری کیا جس میں آئی ڈی اے کی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔اس سے پہلے پرنسپل گورنمنٹ ڈینٹل کالج پروفیسر ریاض فاروق نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انڈین ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبدالطیف متو نے اپنے خطبہ میں وزیر اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئی ڈی اے ریاست میں لوگوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔آئی ڈی اے کے آرگنائزینگ سیکریٹری ڈاکٹر رؤف جیلانی نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔اس موقعہ پر پرنسپل گورنمنٹ اندر ا گاندھی ڈینٹل کالج ڈاکٹر رومیش سنگھ، سٹیٹ سیکرٹڑی آئی ڈی اے ڈاکٹر جاوید اقبال قانون گو کے علاوہ کئی دیگر ڈاکٹر بھی موجود تھے۔