جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اور ممبر اسمبلی دیویندر سنگھ رانانے ہفہت کے روز پیڑھ دیوتا جھجر کوٹلی میں سلبھ شوچالیہ کا سنگ بنیاد رکھا، ان بیت الخلائوں پر 28لاکھ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کنڈولی نگروٹہ میں شنان گھاٹ بنانے کے پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا جن پر 9لاکھ روپے خرچ آئیگا۔ یہ تمام 37لاکھ روپے ممبر اسمبلی کے حلقہ ترقیاتی فنڈ سے خرچ کئے جائیں گے۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر سولبھ شوچالیہ جموں نے ممبر اسمبلی کو یقین دلایا کہ اس پروجیکٹ کو آئندہ تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا اور ان کی دیکھ ریکھ بھی جدید سائنسی طرز پر ہوگی۔ رانا نے کٹل بٹال میں ایریگیشن لفٹ پمپنگ سٹیشن کا بھی معائینہ کیا۔ لوگوں کے ساتھ ملاقات کے دوران رانا نے کہا کہ نگروٹہ اسمبلی حلقہ کو سیاحتی نقشہ پر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں مذہبی سیاحت کے وافر مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شری ماتا ویشنو دیوی کو جانے والی پرانی سڑک کی مرمت اور تجدید کاری سے نگروٹہ میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگااور توقع ظاہر کی کہ بمیال تک دیوی مائی اور پل کی تعمیر کو معیاد بند ڈھنگ سے پورا کیا جائے گا جس سے نہ صرف علاقہ کی شان رفتہ بحال ہوگی بلکہ اقتصادی طور پر لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک پر ہندوئوں اور مسلمانوں کے کئی اہم مقامات موجود ہیں جہاں آنے کے لئے عقیدتمندوں کو آسانی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موجود مذہبی مقامات کی جانب سے عقیدتمندوں کو راغب کرنے کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت سڑکوں کی مرمت کے علاوہ نگروٹہ کے دیہات کو براہ راست کٹرہ کے ساتھ جوڑنا شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ ترقیاتی فنڈ سے رقومات کی فراہمی بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ اسی طرح سدھرا گولف کورس اور دیگر کھیل کود کے ڈھانچوں کو بھی ترقی دی جا رہی ہے تا کہ لوگوں کو اس جانب راغب کیا جائے۔ اس موقعہ پر دھرم ویر سنگھ جموال، اشوک سنگھ، رامیشور دت، پروفیسر وجے دیو سنگھ، کلبھوشن سنگھ، آسا رام ، رمن وزیر ، راجیش سنگھ، ٹمو پنڈت، محمد صادق، مدن موہن دوبے، چیئر مین بشن داس، راج بڑو، درگا داس، ببی، کوشل کھجوریہ، اتل کھجوریہ، انگریز سنگھ اور دیگران بھی موجود تھے