جموں//منگل کی علی الصبح قریب ساڑھے تین بجے گوجربکروالوں کے چارکنبے موسمی نقل مکانی کے سلسلے میں مویشیوں کے ہمراہ جموں سے وادی کی طرف جارہے تھے کہ شہرکے نواح میں شاہراہ پر نگروٹہ کے قریب قائم بن ٹول پلازہ پر ٹول پلازہ ملازمین نے گاڑیوں کوروکا جس کے دوران مذکورہ ملازمین اور گوجربکروالوں کے درمیان ٹول کے لین دین کے سلسلے میں تکرارکے دوران مارپیٹ ہوئی جس کے نتیجے میں گوجربکروال طبقہ کے 5 افرادزخمی ہوگئے۔متاثرہ کنبوںنے بتایاکہ ہمارے پاس باقاعدہ ضلع مجسٹریٹ کی اجازت تھی اورہم جب دوتین گاڑیوں کے ساتھ ٹول پلازہ پرپہنچتے تووہاں پر ملازمین نے ہم سے فی گاڑی 5000روپے طلب کئے ۔انہوں نے کہاکہ جب ہم نے غیرمناسب ٹول دینے سے انکارکیاتو اتنے میں ٹول پلازہ کے ملازمین کلدیپ سنگھ ساکن ڈوڈہ ، گوکل ساکن بن تالاب ، ونودساکن بن تالاب اوردیگرکچھ آدمی آئے اورانہوں نے ہم پرحملہ کردیا۔انہوں نے ہمیں بے تحاشہ پیٹناشروع کردیا جس کے دوران ہمارے 5 آدمی زخمی ہوئے جن میں سے ایک کالوساکن مرالیاں تحصیل آرایس پورہ شدیدزخمی ہے ،اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔متاثرہ کنبہ کی ایک خاتون نے بتایاکہ کالوکو ٹول پلازہ کے ملازمین گھسیٹ کر آگے پل پرلے گئے جہاں سے اسے نیچے پھینک دیا اورہمیں منگل کی دوپہر کووہ بے ہوشی کی حالت میں پل کے نیچے سے ملا ۔خاتون نے مزیدبتایاکہ ہمارے دوآدمی مشتاق احمد ساکن مرالیاں اورسراج الدین ساکن گاڈی گڑھ ابھی بھی لاپتہ ہیں جن سے متعلق گمشدگی رپورٹ بھی پولیس سٹیشن نگروٹہ نے درج نہیں کی ہے اورالٹا ہمارے ہی جماعت علی ودیگرافرادکے خلاف ایف آئی آردرج کردی ہے ۔سوشل میڈیاپروائرل ہوئی ویڈیومیں ایک گوجربکروال خاتون نے بتایاکہ ہمیں رپورٹ لکھوانے کےلئے تھانے کے اندرہی نہیں جانے دیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم نہیں کہ ہمارے لاپتہ آدمی زندہ بھی ہیں یانہیں ؟۔متاثرین نے بتایاکہ ایک طرف پولیس مارپیٹ کرنے والوں کے خلاف پرچہ نہیں کاٹ رہی ہے اوردوسری طرف ہمارے آدمیوں کے خلاف ہی دفعہ 188 کے تحت ایف آئی آرلگائی گئی ہے اورہماری دوگاڑیاں بھی ضبط کرلی ہیں ۔اس بارے میں جب ایس ایچ او نگروٹہ بلجیت سنگھ سے بات کی توانہوں نے کہاکہ گوجروں اورٹول پلازہ کے ملازمین کے درمیان لڑائی ٹول کے لین دین کے معاملے کولے کرہوئی نہ کہ مویشیوں سے متعلق کوئی معاملہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ ٹول پلازہ کے کچھ ملازمین بھی زخمی ہیں جن کی شکایت پر جماعت علی ودیگرکچھ لوگوں کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جھگڑے میں پانچ گوجربکروال افرادبھی زخمی ہوئے ہیں ۔ایس ایچ او نے دوگوجربکروال افرادکی گمشدگی سے متعلق بتایاکہ تھانے میں کوئی خاتون گمشدگی رپورٹ لکھوانے نہیں آئی ۔انہوں نے کہاکہ معاملہ کی چھان بین کی جارہی ہے ۔