سرینگر //شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں آوارہ کتوں کی نے لوگوں کا چلنا پھرنا محال بنادیا ہے۔ شہر خاص کے نوہٹہ، رعناواری، سعدہ کدل ، خانیار اور دیگر علاقوں میں آوارہ کتے نہ صرف دن دہاڑے بلکہ رات کے وقت بھی لوگوں کو اپناشکار بنارہے ہیں۔ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے شہر خاص میں سردی کے ایام اور گھپ اندھیرے میں رات کے وقت لوگوں کا چلنا پھرنا محال ہوگیا ہے۔ رعناواری سے تعلق رکھنے والے جہانگیر احمد کاکہنا ہے کہ رعناواری میں اسپتال کے اردگرد اور ملہ کھاہ میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے رات کے وقت لوگوں کا چلنا پھرنا ناممکن بنادیا ہے جبکہ نوہٹہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں کا کہنا ہے کہ فجر نماز کی ادائیگی میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نوہٹہ کے عمران احمدبٹ نے بتایا کہ علاقے میں رہنے والے لوگوں کو صبح کے وقت فجر کی نماز ادا کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عمران احمد نے بتایا کہ صبح کے وقت سڑکوں اور گلی کوچوں میں آوارہ کتوں نے کئی لوگوں کو نشانہ بنایا ہے مگر بار بار درخواستیں دینے کے بائوجود بھی مونسپل حکام کتوں کی تعدا د کم کرنے میں کوئی بھی دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں۔ مذکورہ شہری نے بتایا کہ اس سلسلے میں کئی بار مونسپل حکام سے رابطہ کیا تاہم انکی جانب سے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے مونسپل کمشنر سرینگر ریاض احمد وانی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سوموار کو خصوصی دستہ بھیج کر آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سرینگر مونسپلٹی نے آورہ کتوں کو پکڑنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جو شکایت ملنے پر آورہ کتوں کو ٹھکانے لگاتے ہیں۔