سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں نوہٹہ میںایک نوزائیدہ بچہ کی لاش کو سرراہ چھوڑ دینا اخلاقی اور روحانی مردگی کا بین اظہار اور ہمارے ضمیر وحمیت پر شرمندگی کے تازیانے ہیں۔ بیان میںکہا گیا کہ ملک وملت سے وابستہ ہر فرد ،والدین ، اساتذہ ،علماء ، طلباء سے دردمندانہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے معاملات کا سنجیدہ نوٹس لیں۔ اصلاح معاشرہ کے کام میں للہ فی اللہ سب جٹ جائیں، تاکہ ایسے بھیانک واقعات رونما نہ ہوں،اورہم عذاب خدا وندی کی زد میں نہ آجائیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم مسلسل پچھلی کئی دہائیوں سے روز اپنے عزیزوں اور جگر گوشوں کی لاشیں اُٹھا رہے ہیں، قہر وستم کی آندھیوں کی زد میں ہر آشیانہ ہے، چادر اورچہار دیواری کا تقدس پامال ہے ،ان حالات میںرجو ع الی اللہ اور دین سے رشتہ استوار ہونا چاہیے تھا۔بیان میں کہا گیا کہ گو اس حوالہ سے کام بھی بہت ہورہا ہے لیکن معاشرہ میںاخلاقی باختگی ، عریانیت اور فحاشیت کے کیڑے بھی اس حد تک سرایت کرچکے ہیں کہ اس بطن سے ایسے شرمناک واقعات کا ظہور ہورہا ہے کہ حیوانیت بھی شرمسار ہوجائے ۔