کپوارہ// سرحدی ضلع کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ فوج کا کہنا ہے کہ نوگام سیکٹر کے سنگم علاقہ میں توت مار گلی کے نزدیک حد متارکہ پر فوج کے 8 بہار یونٹ نے 5 مشتبہ جنگجوؤں کی نقل و حمل دیکھی جس کے بعد فوج نے فوری طور علاقہ کو گھیرے میں لیا۔فوج کے مطابق جونہی جنگجوؤں نے اس پار آنے کی کوشش کی تو فوج نے انہیں للکارا جس کے بعد جنگجوؤں نے فائرنگ کی جس کے دوران 4 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔جوابی کارروائی کے بعد جنگجوؤں کو سر حد پار واپس دھکیل دیا۔ کئی گھنٹوں تک جاری جھڑپ میں زخمی اہلکاروں کو فوری طور اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے۔بتایا جاتا ہے کہ علاقہ میں مزید فوج طلب کی گئی اور بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ادھرکرناہ میں پاکستانی گولہ باری سے ٹاڈ، دھنی اور سعدپورہ علاقوں میں مکانوں کی چھتوں اور دیواروں کو جزوی نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ہاڑاں ،گبرہ اور دھنی دیہات میں شل پڑے ہوئے تھے ۔جن کی وجہ سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔