عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/آہوں اور سسکیوں سے لبریز ماحول میں ہفتہ کے روز نائب تحصیلدار مظفر احمد کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جو نوگام پولیس اسٹیشن میں ایک حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے۔مرحوم کو اپنے آبائی قبرستان سوئی بُگ میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور اہلِ خانہ و مقامی لوگوں نے غمگین دلوں کے ساتھ الوداع کہا۔ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ، ایس ایس پی بڈگام نکھل بورکر سمیت پولیس اور محکمہ مال کے متعدد افسران نے جنازے میں شرکت کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔نو منتخب ایم ایل اے بڈگام، آغا منتظر مہدی نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی اور تدفین کے دوران غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے رہے۔
جنازے کے جلوس میں نعش کو گاؤں کی گلیوں سے گزارا گیا، جہاں فضا سوگوار نعروں سے گونج اُٹھی۔ عزادار ’’شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے‘‘کے نعرے بلند کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعاگو تھے۔مظفر احمد اُن افراد میں شامل تھے جو جمعہ کی شام نوگام پولیس اسٹیشن میں ضبط شدہ بارودی مواد کے حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔
نوگام دھماکےمیں جان گنوانے والے نائب تحصیلدار پُرنم آنسوؤں کیساتھ سپردِ خاک