اشرف چراغ
کپوارہ//نوگام سرینگر کے پولیس تھانہ میں بم دھماکے میں جا ں بحق ہوئے پولیس انسپکٹر اسرا رالحق شاہ کی یاد میں کل دوسرے روز بھی ان کے آبائی گائو ں مقام شاہ ولی درگمولہ میں ماحول انتہائی رنجیدہ تھا اور ان کا کنبہ غم سے نڈھال تھے ۔انسپکٹر اسرار الحق کی تعزیت کے لئے جمو ں و کشمیر پولیس کے سر براہ نالین پربھات بے اتوار کے روز مقام شاہ ولی درگمولہ کپوارہ کا دورہ کیا اور ان کے گھر جاکر متا ثرین کی ڈھارس بندھائی جو جمعہ کے روز نوگا م پولیس تھانہ میں ایک بم دھماکے میں جا ں بحق ہوئے تھے ۔انسپکٹر اسرار ان 9افراد میں شامل ہے جنہو ں نے اس حادثاتی بم دھماکے میں اپنی جان گنوائیں ۔یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس تھانہ کے اندر ایک خصوصی ملی ٹینسی سے متعلق ایک اہم کیس میں بر آمد شدہ بارودی مواد کے نمونے جمع کرنے میں مصروف تھی ۔دھماکہ کی شدت اس قدرزیادہ تھی کہ موقع پر ہی 9افراد اپنے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔مہلوک انسپکٹر کی نعش کو ہفتہ کی شام ہزارو ں لوگو ں کی موجود گی میں پر نم آنکھو ں سے سپر د خاک کی تاہم اتوار کے روز پولیس سر براہ ان کے آبائی گائو ں پہنچ گئے اور افراد خانہ سے تعزیت کی جبکہ انسپکٹر اسرار الحق کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا کہ مرحوم ایک نہایت ذمہ دار اور بہادر پولیس آفیسر تھے اور انہوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دئے ۔پولیس سر براہ نے کہا کہ پولیس فورس اپنے ایک با حوصلہ اور قابل اہلکار سے محروم ہو گئی لیکن انسپکٹر اسرار کی بہادری اور انسان دوستی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ا س موقع پر سو ل سوسائٹی ،کاروباری ،سول انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ آفسیران بھی موجود تھے اور ملہوک انسپکٹر کے لواحقین کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پورا پولیس محکمہ اور انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔اہلخانہ و سرکاری سطح پر دستیاب تمام معاونت فراہم کرنے کی بھی مکمل یقین دہانی کرائی گئی ۔انسپکٹر اسرار نہایت معتبر اور احترام یافتہ نوجوانو ں میں شمار کئے جاتے تھے اور وہ اپنے علاقہ میں ہر دلعزیز آفیسر مانے جاتے تھے ۔ان کی ناگہانی موت نے پورے علاقہ کو سوگوار بنادیا اور ہر آنکھ اشکبار ہے ۔
متاثرین کوہر ممکن تعاون فراہم ہوگا :سنیل شرما
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے نوگام پولیس اسٹیشن دھماکے کے متاثرین میں سے ایک درزی محمد شفیع کی رہائش گاہ پر جا کر تعزیت کا اظہار کیا اور اس سانحہ کی وجہ بتانے والے واقعات کی وضاحت کی۔ سنیل شرما نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت اور مرکزی حکومت، بشمول وزیر اعظم اور وزیر داخلہ، دونوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت کی ہدایت پر وہ اور بی جے پی کے سابق صدر رویندر رینا ذاتی طور پر متاثرہ گھرانوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ شرما نے مزید کہا’’ہم نے محمد شفیع کے بچوں سے ملاقات کی، ان کے غم میں شریک ہوئے، اور خاندان کو اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ‘‘
متاثرہ کنبوںکی بحالی حکومت کی ترجیح | جاوید ڈار اور ناصر اسلم وانی کا نوگام اور نٹی پورہ کا دورہ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار نے کل نوگام اور نٹی پورہ کا دورہ کر کے محمد شفیع اور سہیل احمدراتھرکے اہلِ خانہ سے تعزیت کی جو حال ہی میں نوگام پولیس سٹیشن میں ہوئے دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے۔ وزیرموصوف نے سوگوارکنبوںکے اَفراد سے ملاقات کی،دُکھ کی اِس گھڑی میں اُن کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا ِظہار کیا اور حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی تاکہ صورتحال کی زِمینی جانکاری حاصل کی جا سکے ۔اُنہوں نے واقعے کی وجہ سے قریبی گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ادھروزیراعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی نے نوگام، نٹی پورہ، سویۂ بُگ اور بمنہ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے سوگوارکنبوں کے اَفراد سے ملاقات کی اور جانوں کے المناک نقصان پر گہرے دُکھکا اِظہار کیا ۔ اُنہوں نے انہیںیقین دلایا کہ اِنتظامیہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔بعد میں مشیر موصوف نے ایک مقامی ہسپتال کا دورہ بھی کیا تاکہ نوگام پولیس سٹیشن دھماکے میں زخمی ہوئے والے اَفراد کی خیریت و عافیت دریافت کر سکیں۔ اُنہوں نے زخمیوں کے ساتھ گفتگو کی، علاج کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ہسپتال اِنتظامیہ کو بتایا کہ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔