سرینگر// شہر سرینگر کے متھن نوگام بائی پاس پر جنگجوئوں نے دن دھاڑے سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گیا ۔حملے کے فورا بعد پولیس و سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی عمل میںلائی ۔ چھانہ پورہ نوگام بائی پاس پر گلشن نگر متھن گلی کے نزدیک تعینات سی آر پی ایف کی29ویں بٹالین سے وابستہ اہلکاروں کو حملے کا نشانہ بنایا۔یہ واقعہ سنیچر کی سہ پہر قریب 4بجے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مسلح جنگجوئوںنے سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنا کر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے ایک اہلکار کی ٹانگ میں گولی لگی اور اْسے زخمی حالت میں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال پہنچایا گیا۔فائرنگ کے واقعہ کے ساتھ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعہ کے بعد بائی پاس پر گاڑیوں کی آمد و رفت بھی کچھ دیر کیلئے معطل رہی۔ حملے کے فوراً بعد فورسز کی اضافی کمک جائے واردات پر پہنچ گئی اور علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیاتاہم آخری اطلاعات ملنے تک کسی کی گرفتاری عمل میںنہیںلائی گئی اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد ہوئی ۔ حملے کی نسبت نوگام پولیس سٹیشن میں کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔
شوپیان کا جنگجو کمانڈر جموں میں گرفتار
امجد شاہ
جموں//جنوبی ضلع شوپیان سے تعلق رکھنے والا اعلیٰ جنگجو ،جس کی تصویر ایم 4رائفل سمیت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، کو جموں کے کونجونی گنگیال میں ایک پستول اور ایک گرینیڈ کیساتھ گرفتار کر لیا گیا ۔انسپکٹر جنرل پولیس جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد اننت ناگ اور جموں پولیس نے مشتر کہ طور پر ایک خصوصی کارروائی عمل میںلائی جس دوران لشکر مصطفیٰ نامی جنگجو تنظیم کے ایک کمانڈرہدایت اللہ ملک ساکن شرف پورہ شوپیان کو گرفتار کیا گیا۔گرفتاری کے فوراً بعد ایس ایس پی جموں سری دھر پاٹل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے جموں کے کونجونی علاقے سے مذکورہ جنگجو کی گرفتاری عمل میں لائی اور وہ اُس وقت ایک سینٹرو کار زیر نمبرUP80BN/2708 میں سفر کررہا تھا۔ایس ایس پی نے کہا کہ اُس نے پولیس پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس سے پہلے ہی اسے حراست میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہدایت اللہ لشکر مصطفیٰ جنگجو گروپ کا چیف کمانڈر تھا اور یہ گروپ جیش کی ایک شاخ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہدایت اللہ ملک کی گرفتاری پولیس و سیکورٹی فورسز کیلئے بڑی کامیابی ہے ۔ہدایت اللہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی تصویر سوشل میڈیا پر ایم 4رائفل کے ساتھ وائرل ہو گئی تھی ۔