درجہ حرارت نکتہ انجماد سے نیچے ،سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی2،گلمرگ میں منفی 6.6اورکرگل میں منفی 9ڈگری ریکارڈ
سرینگر //سرینگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہو گئی ۔اس دوران کم سے کم درجہ حرارت نکتہ انجماد سے نیچے منفی 2 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے 9نومبر سے 13نومبر تک مطلع ابرالودرہنے اور بارشوں و پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔معلوم رہے کہ گزشتہ جمعہ ، سنیچراوراتوارکوکشمیروادی ،خطہ چناب ،خطہ پیرپنچال اورلداخ خطے کے میدانی اوربالائی علاقوں میں بارشوں کیساتھ ساتھ غیرمتوقع طورپردرمیانہ اوربھاری برفباری ہوئی جس نے خاص کر اہل کشمیر کو شدد کردیا کیونکہ بھاری برفباری سے تباہی مچ گئی۔سوموارسے اگرچہ مجموعی طورموسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی نکلی تاہم مطلع صاف رہنے کے باعث رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کا درجہ حرارت گذشتہ رات نقطہ انجماد سے نیچے رہا اور سرینگر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2ریکارڈ کیا گیا۔وادی میںسب سے کم درجہ حرارت یعنی منفی6.6 سیاحتی مقام گلمرگ میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت منفی5.2ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق وادی میں مطلع صاف ہونے کی صورت میںرات کا درجہ حرارت مزید گرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کرگل میں درجہ حرارت منفی9.0تک گر گیا ہے جبکہ لیہہ کا درجہ حرارت منفی8.4ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کوکرناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی1.7اورنزدیکی علاقہ قاضی گنڈمیں شبانہ درجہ حرارت منفی2.8ڈگری سیلشیس ریکارڈکیاگیا۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایاکہ جنوبی کشمیرکے بیشترعلاقوں میں دوران شب درجہ حرارت کی کچھ ایسی ہی صورتحال رہی کیونکہ بیشترمقامات پررات کے وقت درجہ حرارت نقطہ انجمادسے نیچے ریکارڈکیاگیا۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ شمالی کشمیرکے تینوں اضلاع بارہمولہ ،کپوارہ اوربانڈی پورہ میں بھی درجہ حرارت تیزی کیساتھ تنزلی کاشکارہے ۔انہوں نے بتایاکہ کپوارہ میں رات کادرجہ حرارت منفی1.8ڈگی سیلشیس درج کیاگیاجبکہ لداخ خطے میں حالیہ برفباری کے بعددرجہ حرارت میں تنزلی آئی ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمدنے بتایاکہ 8نومبرکی شام تک ریاست میں مجموعی طورپرموسم خشک رہے گاتاہم 9نومبر سے 13نومبر تک وادی میں ایک مرتبہ پھر مطلع ابرالودہو گا جس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیںہو سکتی ہیں ۔