رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں انتظامیہ کی جانب سے دبڑ پوٹھا پنچایت میں ایک عوامی دربار منعقد کیاگیا جس میں اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن نے دیگر آفیسران کے ہمراہ عوامی مسائل کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر مختلف سرکاری محکموں کے حکام اور دونوں گاؤں کے لوگ موجودرہے ۔اس موقع پر اے ڈی سی نوشہرہ بابو رام ٹنڈن کو علاقے کے لوگوں نے اپنے مختلف پریشانی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر لوگوں نے پانی بجلی سڑک گاؤں میں بینک کی شاخ کھولے جانے کیساتھ ساتھ لڑکیوں کی تعلیم وغیرہ کے مسائل پر خصوصی روشنی ڈالی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ غریب لڑکیوں کی شادی کے سلسلہ میں دی جانے والی رقم میں ہونے والی تاخیر کیساتھ ساتھ اس عمل کو مکمل کرنے کے دوران والدین کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں جن کا حل لازمی ہے ۔اس کے علاوہ بند پڑی پنشن کو ریلیز کرنے پی ایم اے وائی کے تحت دئیے جانے والی گرانٹ سے جو لوگ محروم رہ گئے ہیں ان کا جلد سروے کرائے جانے اور بی پی ایل راشن کارڈ بنائے جانے سمیت کافی مسئلے مسائل اے ڈی سی کے سامنے رکھے گئے ۔اس موقع پر اے ڈی سی بابو رام ٹنڈن نے مختلف سرکاری محکمہ جات کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے جو مسائل ان کے دائرہ اختیار میں ہیں انہیں جلد سے جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ جو سرکاری کام انہوں نے اپنی ڈائری میں نوٹ کئے ہیں جلد ہی ان کاموں کو اپنے اعلی حکام تک پہنچایا جائے گا۔