سمت بھارگَو
نوشہرہ//جموں-راجوری-پونچھ نیشنل ہائی وے پر تعمیر شدہ نوشہرہ ٹنل کے شمالی دہانے پر ہفتہ کے روز ایک پْر وقار اور جذباتی تقریب کے دوران عظیم مجاہد اور روحانی پیشوا بابا بندہ بہادر سنگھ جی کا مجسمہ نصب کیا گیا۔یہ مجسمہ انڈین آرمی کی ایس آف سپیڈ ڈویژن یونٹ کی طرف سے نصب کیا گیا جو علاقے کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے اور بابا بندہ بہادر سنگھ جی کی بہادری، قیادت اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔تقریب میں سابق فوجیوں، مقامی شہریوں، نوجوانوں اور معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا ماحول انتہائی باوقار اور جذبات سے بھرپور تھا۔ حاضرین نے نہ صرف فوج کے اس اقدام کی بھرپور ستائش کی بلکہ اپنے مقامی ہیرو کو یاد کر کے فخر اور جذبات کا اظہار بھی کیا۔فوجی حکام نے اس موقع پر کہا کہ بابا بندہ بہادر سنگھ جی کی شخصیت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا ہی اصل بہادری ہے۔ ان کا نصب کردہ مجسمہ آنے والی نسلوں کو ان کی قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔یہ اقدام نہ صرف شہری و فوجی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ایک کاوش ہے بلکہ نوجوان نسل کو اپنے تاریخی ورثے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔نوشہرہ ٹنل، جو جموں راجوری پونچھ نیشنل ہائی وے پر بننے والے چار اہم ٹنلوں میں سے ایک ہے، جلد ہی عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ اس ٹنل کی تعمیر سے جہاں سفر میں آسانی پیدا ہوگی، وہیں یہ علاقہ معاشی و سیاحتی ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہوگا۔بابا بندہ بہادر سنگھ جی کا مجسمہ اب اس ٹنل کے دہانے پر ایک روشن نشان کے طور پر کھڑا ہے، جو آنے جانے والوں کو تاریخ، قربانی اور حوصلے کا پیغام دیتا رہے گا۔