عظمیٰ نیوز سروس
نوشہرہ//جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے نوشہرہ میں ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا ایک جامع جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ بابو رام تندون، اے سی ڈی وجے ورما اور دیگر ضلع و سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے اور ضلع کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی طرف خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کے سخت نفاذ پر زور دیا تاکہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فعال حکمت عملی اپنائیں اور محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبوں کی بلا رکاوٹ تکمیل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور ان کی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہر افسر کو عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔نوشہرہ کے مقامی لوگوںنے حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ ایک مقامی رہائشی محمد اشرف نے کہاکہ ’’یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ حکومت ہماری بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے‘۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی شفافیت کے ساتھ کی جائے گی، اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے افسران کو عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دینے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے حل میں تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی، اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔یہ اجلاس علاقے کی ترقی کو نئی رفتار دینے اور عوام کے اعتماد کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔