رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف دیہاتوں کے لوگوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران جن کے کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں، انہیں فوری طور پر معاوضہ فراہم کیا جائے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ قیامت خیز بارشوں کے نتیجے میں قریب 300 سے زائد کچے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جس کے باعث متاثرہ خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرین نے بتایا کہ انہوں نے اپنے نقصان کی تفصیلات اور فائلیں تحصیلدار نوشہرہ کے دفتر میں جمع کرا دی ہیں، تاہم تاحال معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومت کو فوری طور پر بڑی رقم فراہم کی گئی ہے تاکہ متاثرین کی امداد کی جا سکے، لیکن بدقسمتی سے ابھی تک یہ رقم حقیقی متاثرین تک نہیں پہنچی ہے۔کئی متاثرہ لوگوں نے بتایا کہ مکان نہ ہونے کے باعث وہ اپنے رشتہ داروں یا پڑوسیوں کے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت مالی مدد نہ ملی تو وہ سردیوں کے موسم میں شدید پریشانی کا شکار ہو جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ جلد از جلد معاوضے کی رقم ان تک پہنچائی جائے تاکہ وہ اپنے مکانات دوبارہ تعمیر کر سکیں اور معمول کی زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرین کے ساتھ انصاف کرنا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس میں مزید تاخیر ان کے مسائل میں اضافہ کرے گی۔عوام نے گورنر انتظامیہ اور ضلع افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر اس معاملے کو حل کریں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھروں میں واپس جا سکیں۔