رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ سب ڈویژن میںجموں کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی برانچ نہ ہونے کے وجہ سے تعلیم سے وابستہ بچوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ کے لوگ گزشتہ 50 برسوں سے نوشہرہ میں جموں کشمیر سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی برانچ کھولنے کا مطالبہ کرتے چلے ا ٓرہے ہیں مگر سرکار کی جانب سے آج تک لوگوں کی مذکورہ مانگ کو پورا ہی نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی برسوں پرانی مانگ کو پورا نہیں کیاجارہا ہے جبکہ سب ڈویژن میں بورڈ کی شاخ نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کوسندر بنی میں قائم کردہ شاخ کیساتھ ساتھ جموں کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔مذکورہ دونوں بورڈ کے دفتر نوشہرہ کے سرحدی علاقوں سے 200 کلومیٹر کی ایک طرف دوری پر ہیں جہاں پر بچوں کا پہنچنا بہت ہی مشکل ہو جاتا ہے۔والدین نے کہاکہ وقت پر مسافر گاڑیاں بھی نہیں ملتی جس کی وجہ سے ان کے بچوں کی پریشانیاں مزید بڑھ جاتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی سرکاروں نے بچوں کی اس پرانی مانگ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ہے جس کی وجہ سے ان کے بورڈ سے متعلقہ سرکاری کام متاثر ہو رہے ہیں۔ غریب بچے جن کے پاس ایک طرف کا کرایہ بھی نہیں ہوتا ہے کس طرح سندر بنی یا جمو ںجا کر اپنا کام کروائیں گے۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ سب ڈویژں ہیڈ کوارٹر پر جموں وکشمیر ایجوکیشن بورڈٖ کی شاخ کا قیام عمل میں لایا جائے ۔