رمیش کیسر
نوشہرہ//بھارت پاکستان حقیقی کنٹرول لائن پر واقع جھنگڑ گاؤں میں نوشہرہ بریگیڈ کی جھنگڑ بٹالین نے بچوں کیلئے ایک بڑی لائبریری کا افتتاح کیا ہے۔ شہید بریگیڈیئر محمد عثمان پارک کے قریب قائم کی گئی اس لائبریری میں بچوں کے مطالعے کے لئے مختلف موضوعات پر مبنی کتابیں موجود ہیں، جو ان کی تعلیمی اور ذاتی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گی۔یہ لائبریری صبح کے اوقات میں کھولی جاتی ہے، جہاں بچے اپنے اساتذہ کے ساتھ آکر کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں۔ فوج کے ماسٹر بھی بچوں کو مختلف موضوعات پر مفید معلومات فراہم کرتے ہیں، جس سے ان کے علم اور شعور میں اضافہ ہو رہا ہے۔لوگوں نے اس نیک اقدام پر نوشہرہ بریگیڈ کے کمانڈر اور جھنگڑ بٹالین کے کمانڈنگ افسر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقے کے بچوں کے لئے یہ لائبریری ایک قیمتی تحفہ ہے، جو انہیں اعلیٰ تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرے گی۔مقامی افراد نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی ترقی کو فروغ دے گا بلکہ سرحدی گاؤں کے بچوں کے لئے روشن مستقبل کی راہ بھی ہموار کرے گا۔ فوج کے افسران کے اس جذبے کو مقامی عوام نے دل سے سراہا اور اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔