سرینگر // مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور اسیر محمد یاسین ملک نے کشمیر میں کشت و خون کو نوجوان نسل کی منظم نسل کشی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت اور فوجی قوت کے بل پر کشمیری عوام کو آزادی سے دستبردارکرنے کا عمل موجود سنگین صورتحال کو مزید ابتر بنانے کا موجب بن سکتا ہے ۔ آرم پورہ اونتی پورہ میں عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نوجوان نسل کو طاقت کے بل پر پشت بہ دیوار کررہا ہے۔ دراصل بھارت کی ظلم و جبر سے عبارت یہی پالیسیاں یہاں کی نوجوان نسل کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان کشمیر میں اپنے بے پناہ فوجی جمائو کے بل پر روز ایک نئے خونین سانحہ کو جنم دے رہی ہے اور جس طرح ظلم و جبر کی پالیسیوں کو ہتھیار بنا کر حریت پسند قیادت اور نوجوان نسل کیخلاف جنگی سطح کی مہم جوئی جاری رکھی ہوئی ہے وہ کشمیری عوام کے تئیں بھارت کے خوفناک عزائم کی نشاندہی کررہی ہے ۔قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جاں بحق جنگجوئوںکے حق میں23 دسمبر بروز اتوار نماز ظہر کے بعد مختلف مساجد ، خانقاہوں اور امام باڑوں میںغائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اہتمام کریں۔