جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر سب ڈویژن میںایک 30 سالہ نوجوان کی لاش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، جاوید احمد، جو کہ منکوٹ کا رہائشی تھا اور حالیہ طور پر گوہلد میں رہائش پذیر تھا، اس کی لاش مینڈھر قصبے کے قریب ایک پل کے نیچے ملی۔لاش دیکھنے کے بعد مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او مینڈھر، اعجاز وانی، پولیس کی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹروں نے لاش پولیس کے حوالے کر دی تاکہ آخری رسومات کے لئے اسے ورثاء کے سپرد کیا جا سکے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق موت کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی ہے۔اس بارے میں بلاک میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر اشفاق چودھری نے کہا کہ “30 سالہ نوجوان کی لاش پولیس نے ہمارے پاس لائی تھی۔ ہم نے پوسٹ مارٹم کیا اور لاش کو پولیس کے حوالے کر دیا تاکہ اسے ورثاء تک پہنچایا جا سکے‘‘۔مینڈھر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔