بانہال //اتوار کی شام ایک مقامی نوجوان کی مشکوک حالات میں ہوئی موت سے علاقہ میں کہرام مچ گیا ہے ، متوفی کے لواحقین نے اس کی موت کے پیچھے سازش کا شبہ ظاہر کیا ہے ۔32سالہ عرفان اقبال راتھر ولد محمد اقبال راتھر ساکن بنکوٹ ریلوے چوک کے قریب ایک ہوٹل میں بیہوشی کی حالت میں پایا گیا تو اسے فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس کی موت کی خبر سن کر سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگ ہسپتال پہنچ گئے۔ متوفی ریلوے سٹیشن پر ایک ٹریول ایجنسی چلاتا تھا۔ موقعہ پر موجود متوفی کے بھائی عمران اقبال نے اس موت کے پیچھے مجرمانہ سازش کا الزام لگاتے ہوئے معاملہ کی غیر جانبداری سے تحقیقات کروائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پوسٹمارٹم اور دیگر قانونی لوازمات کے بعد اس کی نعش آخری رسومات کیلئے پسماندگان کے سپرد کر دی گئی۔ دریں اثنا پولیس نے دفعہ 174آر پی سی کے تحت معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔