عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //گاندربل پولیس نے اتوار کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک خصوصی مہم کے دوران (9) کم عمر نوجوانوں کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ قومی شاہراہ پر خطرناک کرتب بازی کرتے ہوئے پائے گئے ۔کارروائی کے دوران پانچ (5) موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئیں جن کے پیچھے نمبر پلیٹیں یا تو چھپائی گئی تھیں یا واضح طور پر نظر نہیں آ رہی تھیں، جو کہ موٹر وہیکلز ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے تمام نو نوجوانوں کو باضابطہ کونسلنگ کے بعد ان کے والدین کے سپرد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان سے اچھے برتاؤ کا بونڈ بھی لیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسی خطرناک حرکات کو دہرایا نہ جا سکے ۔ادھرضلع شوپیان میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پولیس کی سخت مہم جاری ہے ، جس کے تحت مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر سیکڑوں دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیاں ضبط کی گئیں.۔کارروائی کے دوران بغیر دستاویزات گاڑی چلانے ، تیز رفتاری، تین سواریاں بٹھانے ، ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ، اوورلوڈنگ اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دیگر خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی گئی۔ ضلع کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکے اور موبائل ٹیمیں تعینات کی گئیں، جہاں گاڑیوں کی جانچ، دستاویزات کی تصدیق اور موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں، خاص طور پر موٹر سائیکل چلانے کے دوران حفاظتی اصولوں کا خیال رکھنے کی تاکید کریں۔ پولیس نے نوجوانوں کو بھی سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسی غیر ذمہ دارانہ اور بے احتیاط حرکات سے پرہیز کریں جو نہ صرف ان کی اپنی جان کے لیے خطرہ ہیں بلکہ شاہراہ پر چلنے والے دیگر لوگوں کی سلامتی کو بھی شدید طور پر متاثر کر سکتی ہیں۔