سرینگر //انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آثار شریف درگاہ حضرت بل سمیت دیگر تمام درگاہوں، امام باڑوں، آستانوں اور دیگر چھوٹی بڑی مساجد کھول دی گئی ہیں لہٰذا اب مرکزی جامع مسجد کو نماز جمعہ کیلئے بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انجمن اوقاف نے فیصلہ لیا ہے کہ مقدس اور متبرک ماہ ربیع الاول کی آمداور عید میلادؐکے تناظرمیں جامع مسجد کو15 اکتوبر2021 کو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے کھول دی جائیگی اور اس حوالے سے معیاری عملیاتی طریقہ کاراور گائیڈ لائنز کا پورا لحاظ رکھا جائیگا۔بیان میں کہا گیا کہ انجمن اوقاف نے توقع ظاہر کی کہ حکام اس امر کو بھی یقینی بنائیں گے کہ گزشتہ 28 مہینوں سے مسلسل غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر نظر بند رکھے گئے میرواعظ عمر فاروق کی نظربندی بھی ہٹا لی جائیگی۔