عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سائیکولوجیکل کونسلنگ سیل جی ڈی سی مڑھ میں پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) راکیش کمار کول کی رہنمائی میں طلباء اور اساتذہ کے لئے کالج میں ذہنی صحت اور نفسیاتی بہبود پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔اس موقع پرپرنسپل نے اس بات پر زور دیا کہ نفسیاتی تندرستی اور دماغی صحت سے متعلق آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہماری مجموعی فلاح و بہبود کا سنگ بنیاد ہے اس کی اہمیت کو بڑھاوا نہیں دیا جا سکتا اور امید ظاہر کی کہ کالج کے طلباء اس میں ضرور بہتری لائیں گے۔ پہلے دن تقریب کی ریسورس پرسن ڈاکٹر شبیلہ وانی، شعبہ نفسیات، جی ڈی سی بلاور نے ذہنی تندرستی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی جو کہ مکمل طور پر فعال انسان بننے کے لئے بہت ضروری ہے۔انہوںنے نفسیاتی تندرستی کے عوامل کے بارے میں بھی بات کی جیسے کہ محفوظ بچپن، جذباتی صحت (EQ)، سوشل سپورٹ سسٹم اور سماجی و اقتصادی حیثیت وغیرہ شامل ہیں ۔دوسرے دن ڈاکٹر پیالی اروڑا، شعبہ نفسیات، جی ڈی سی ادھم پور ریسورس پرسن تھے۔ انہوںنے نوجوان بالغوں میں نفسیاتی خلل کی علامات اور مدد کرنے کے طریقوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کالج لائف کے چیلنجز جیسے کیرئیر کے انتخاب، تعلیمی بوجھ اور والدین کی توقعات کے بارے میں تفصیلی پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے دماغی صحت کی خرابی، پریشانی کے عوارض جیسے کہ سماجی فوبیا، گھبراہٹ کے عوارض اور جنونی مجبوری عوارض کے بارے میں بات کی۔