کشتواڑ //تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کشتواڑ کا دورہ کر کے آر اینڈ بی اور ضلع انتظامیہ کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران بٹوت ۔ کشتواڑ قومی شاہراہ اور ضلع کی دیگر سڑکوں کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا۔نئے ڈی سی آفس کمپلیکس کشتواڑ میں منعقد ہ میٹنگ کے دوران ضلع میں سڑک رابطوں میں بہتری لانے کے حوالے کئے جارہے اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔آر اینڈ بی محکمہ کی طرف سے جاری سکیموں اور کاموں کا جائزہ لینے کے دوران وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کاموںکے حوالے سے اہداف کو وقت پر حاصل کریں۔کشتواڑ کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے بٹوت ۔ کشتواڑ ہائی وے پر آئے دِن تودے گرنے اور کئی مقامات پر سڑک ڈھہ جانے سے اس کی ابتر ہو رہی صورتحال کے بارے میں وزیر کو جانکاری دی۔ انہوںنے کہا کہ پچھلے چند مہینوں سے شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نعیم اختر نے کہا کہ حکومت بٹوٹ۔ کشتواڑ شاہراہ کو ہر موسم والی شاہراہ بنانے کے تمام پہلوئوں پر غور کر رہی ہے۔ انہوںنے متعلقین پر زور دیا کہ وہ مسائل پر قابو پانے کے لئے تودے گرآنے والے علاقون کی ری الاٹمنٹ کرنے کے منصوبے مرتب کریں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ دچھن ، مڑوہ، پاڈر ، چھاترو اور وڈون جیسے برف سے ڈھکے علاقوں میں سڑک رابطوں کو 15مئی سے پہلے بحال کرنے کے لئے اپنی مشینر ی اور افرادی قوت کو متحرک کریں۔ٹرانسپورٹ اور آر اینڈ بی کے وزیر مملکت سنیل شرما ، ایم ایل سی فرودس احمد ٹاک ، ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ غلام نبی بلوان کے علاوہ کئی محکموں کے انجینئران اور افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔بعد میں وزیر کے ساتھ مختلف پارٹیوں اور انجمنوں کے وفود نے ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مطالبات ان کی نوٹس میں لائے ۔ نعیم اختر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیاجائے گااور مسائل کو قلیل مدت میں حل کرنے کے لئے بھی لازمی اقدامات کئے جائیں گے۔