عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے غلام حسن کلو ایڈیٹر دی مرر آف کشمیر، ڈاکٹر فاروق احمد کلوسابق ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری، فیاض احمد کلو ایڈیٹر گریٹر کشمیروکشمیر کی ہمشیرہ اور میر اعجاز احمد ایڈیٹر کشمیر کینوس کی والدہ نسیمہ اختر کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔وہ جمعہ کی شام سکمز صورہ سرینگر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ حیدر پورہ سرینگر کے اُن کے آبائی قبرستان میں ان کی فاتحہ خوانی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں ان کی رہائش گاہ زبرون کالونی حیدر پورہ میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں عام لوگوں کے علاوہ مختلف سماجی، تجارتی، سیاسی، مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں اور نمائندوں اور صحافی برادری نے شرکت کی۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے زبرون کالونی حیدرپورہ جاکرگریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو کیساتھ اُن کی نیک سیرت اور پارسا ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی ۔اس موقعے پر مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی اور فاتحہ خوانی بھی ادا کی گئی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کلو اور میر خاندانوں کیساتھ شریک غم ہونے کا اظہا رکیا ۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرر آف کشمیر کے مدیر اعلیٰ غلام حسن کلو ،سابق ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری فاروق احمد کلو اور ایڈیٹر کنواس اعجاز احمد میر کی بھی تعزیت پُرسی کی اور ہمدری کا اظہار کیا۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے ترجمان اعلیٰ و ایم ایل اے زیڈی بل تنویر صادق اور پبلسٹی سیکرٹری جی ایم میر ساقی بھی تھے۔ انہوں مرحومہ کی ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔بعد ازاں پارٹی نائب صدرِ صوبہ و ایم ایل اے لالچوک احسان پردیسی اور ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی مرحومہ کی ایصال ثواب کی مجلس میں شرکت کی اور غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ عوامی اتحاد پارٹی کے ایک وفد نے ترجمان اعلیٰ انعام النبی کی قیادت میں گریٹر کشمیر وکشمیرعظمیٰ کے ایڈیٹر فیاض احمد کلو کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی بہن نسیمہ اختر کے انتقال پر تعزیت کی، جن کا جمعہ کی شام سکمزصورہ میں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا تھا۔انعام النبی نے قید اے آئی پی کے صدر اور ایم پی بارہمولہ انجینئررشید کی جانب سے دلی تعزیتی پیغام پہنچاتے ہوئے غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ غم اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر انعام النبی نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں کلو خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے۔ متفکر شہریوں کے گروپ (گروپ آف کنسرنڈ سٹیزنز (GCC) )جموں و کشمیر کے ایک وفد نے سوگوار کلو اور میر خاندانوں سے تعزیت کی۔وفد میں سابق کمشنر سیکرٹری غلام جیلانی نحوی، خلیق الزماں بٹ سابق پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، نسیم لنکر سابق ڈویژنل کمشنر، افتخار درابو اور ڈاکٹر زبیر سلیم شامل تھے۔ انہوں نے اس نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحومہ کی روح کے لیے ابدی سکون اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔