مونگیر// بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے قومی صدر امت شاہ نے ملک کو مقدم بتاتے ہوئے آج کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک اور ملک کے باشندوں کو محفوظ کرنے کا کام کیا ہے ۔ مسٹر شاہ نے مونگیر پارلیمانی حلقہ کے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کے جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) امیدوار اور ریاست کے آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کی حمایت میں یہاں ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی حفاظت کی خاطر پاکستان پر دو بار اسٹرائک کیا ۔ اڑی حملے کے بعد پہلی بار سرجیکل اسٹرائیک کی گئی جبکہ دوسری بار پلواما حملے کے بعد پاکستان میں داخل ہو کر ایئر اسٹرائک کی گئی ۔ نریندر مودی نے اپنے ٹھوس قدم سے ملک کے ساتھ ساتھ یہاں بسنے والے ایک سو پچیس کروڑ سے زائد ملک کے باشندوں کو محفوظ بنانے کاکام کیا ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہاکہ قبل کی کانگریس زیر قیادت متحدہ تر قی پسند اتحاد ( یو پی اے ) حکومت نے اس وقت خاموشی اختیار کرلی جب پاکستانی فوجوں نے ہندوستانی جوانوں کا سرقلم کیا ۔ سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ مونی بابا بنے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیا ہندوستان اب کسی سے ڈرتا نہیں بلکہ فوری کاروائی کرتا ہے ۔ مسٹر شاہ نے بہار کے باشندوں کو سابقہ لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی حکومت کے کارناموں کی یاد لائی اور کہاکہ بہار کے لوگ آج بھی لالو ۔ رابڑی کی حکومت کی دہشت اور بدعنوانی کو بھول نہیں سکے ہیں۔ ریاست کے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نے بھی این ڈی اے امیدوار للن سنگھ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اجلاس کو این ڈی اے کے دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا ۔ یو این آئی