ناگپور، 26 نومبر (یو این آئی) کپتان وراٹ کوہلی (213) کی پانچویں دہری سنچری اور روہت شرما (ناٹ آؤٹ 102) کی چار سال بعد بنائی گئی سنچری کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو 405 رنز کی بھاری برتری بنانے کے بعد اپنی پہلی اننگز چھ وکٹ پر 610 رن کے بڑے اسکور پر ڈکلئیر کر دی۔سری لنکا نے اسٹمپ تک ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے ابھی 384 رنز اور بنانے ہیں۔وراٹ نے اپنے کیریئر کا دوسرا بہترین اسکور اور پانچویں ڈبل سنچری بنائی۔ وراٹ نے 267 گیندوں پر 213 رنز کی اننگز میں 17 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔روہت کی یہ تیسری ٹسٹ سنچری تھی جو چار سال کے وقفے کے بعد جاکر بنائی گئی ۔ روہت نے 160 گیندوں پر ناٹ آوٹ سنچری میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔انہوں نے اپنی پچھلی سنچری نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائی تھی۔ہندستان کی اننگز میں کل چار سنچری بنیں ۔ اوپنر مرلی وجے نے 128 اور چتیشور پجارا نے 143 رن بنائے تھے ۔ہندوستانی کپتان اپنی دھری سنچری سے 5000 ٹیسٹ رنز کی قریب بھی پہنچ گئے ہیں۔ان کے اب 62 ٹسٹ سے 4975 رنز ہو گئے ہیں۔اوورال ان کی یہ 19 ویں ٹسٹ سنچری تھی اور ان کی کل 51 بین الاقوامی سنچری ہو چکی ہیں۔
بریڈمین سے آگے نکلے وراٹ
ناگپور/ ہندوستانی کپتان اور رن مشین وراٹ کوہلی نے کپتان کے طور پر پانچویں ڈبل سنچری جڑکر عظیم ڈان بریڈمین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار کھلاڑی برائن لارا کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے ۔وراٹ نے سری لنکا کے خلاف یہاں چل رہے دوسرے ٹیسٹ میں 213 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جو ان کی 19 ویں ٹیسٹ سنچری اور پانچواں ڈبل سنچری تھی ۔ وراٹ کا کیریئر کا یہ دوسرا سب سے بہترین اسکور بھی تھا۔وراٹ نے کپتان کے طور پر ان کی پانچویں ڈبل سنچری سے ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کا ریکارڈ برابر کر لیا اور آسٹریلیا کے بریڈمین اور مائیکل کلارک اور جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ کو پیچھے چھوڑ دیا ۔
جن کے کھاتے میں کپتان کے طور پر چار چار ڈبل سنچری ہیں ۔سال 2017 میں رنز کا ایورسٹ کھڑا کر رہے وراٹ کی اس سیریز میں یہ مسلسل دوسری سنچری ہے ۔انہوں نے کولکتہ میں پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی شاندار سنچری بنائی تھی ۔ وراٹ کی اب کل 51 بین الاقوامی سنچری ہو چکی ہیں۔وراٹ کی اس سال نو ٹیسٹ میں یہ چوتھی سنچری ہے ۔انہوں نے ون ڈے میں بھی اس سال چھ سنچری بنائی ہیں۔وراٹ کی 2017 میں کل 10 ویں بین الاقوامی سنچری ہو چکی ہیں جو کہ ایک کلینڈر سال میں کسی بھی کپتان کی طرف سے بنائی گئی سب سے زیادہ سنچری ہیں۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ (2005 اور 2006 میں کل نو بین الاقوامی سنچری) اورا سمتھ (2005 میں کل نو بین الاقوامی سنچری) کے نام تھا۔ہندستان کی اننگز میں کل چار سنچری بنیں ۔ مرلی وجے نے 128، چتیشور پجارا نے 143، وراٹ نے 213 اور روہت شرما نے ناٹ آؤٹ 102 رنز بنائے ۔ہندستانی ٹیسٹ تاریخ میں یہ تیسرا موقع ہے جب ایک اننگز میں چار سنچری بنی ہوں۔ ہندستان نے اس سے پہلے یہ کارنامہ 2010 میں کولکتہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اور 2007 میں میر پور میں بنگلہ دیش کے خلاف کیا تھا۔ہندستان کے سرفہرست چار بلے بازوں میں سے تین کے ایک ٹیسٹ اننگز میں سنچری بنانے کا یہ پانچواں موقع ہے ۔یہ بھی دلچسپ ہے کہ ایسا کارنامہ کرنے کا پچھلا موقع بھی سری لنکا کے خلاف کانپور میں 2009 میں ہوا تھا۔ہندستانی اننگز میں 143 رن بنانے والے پجارا نے 2017 میں 1000 رنز بھی پورے کر لئے ۔اس سال یہ کامیابی حاصل کرنے والے پجارا تیسرے بلے باز بنے ۔پجارا کے اب 10 ٹسٹ میچوں میں 1068 رن ہو گئے ہیں اور ان کے پاس سب سے اوپر چل رہے جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر (1097) کو آئندہ دہلی ٹیسٹ میں پیچھے چھوڑنے کا مکمل موقع رہے گا۔پجارا اور ایلگر کے علاوہ کے سری لنکا کے دمتھ کرونارتنے (1011) نے اس سال 1000 رن پورے کئے ہیں۔یو این آئی