کرناٹک //کرناٹک میں جے ڈی ایس – کانگریس اتحاد کی حکومت کے بارے میں بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا کہ اس طرح کے ناپاک اتحاد کی حکومت بہت زیادہ دنوں تک نہیں چلتی ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو بھی خارج کیا جس کے تحت کہا جارہا تھا کہ بی جے پی ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کررہی تھی۔کرناٹک کے وزیر اعلی عہدہ سے یدی یورپا کے استعفی کے بعد ایک ٹی وی پروگرام میں امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کسی طرح کی جوڑ توڑ میں شامل نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے نہ صرف ہارس ٹریڈنگ کی بلکہ پورا اصطبل ہی فروخت کردیا۔وہیں 15 دن میں اکثریت حاصل کرنے کو لیکر سوال پر بی جے پی صدر نے کہا کہ اگر ہمیں 15 دنوں کا وقت مل جاتا تو ہم آسانی سے اکثریت ثابت کردیتے۔ اپوزیشن ممبران اسمبلی جب اپنے حلقوں میں جاتے تو ان کا دل خود بھی بخود بدل جاتا ، لیکن انہیں ان کی پارٹیوں نے ہوٹلوں اور دوسری جگہوں پر قید کرکے رکھا۔خیال رہے کہ کانگریس اور جے ڈی ایس مسلسل یہ الزام عائد کرتی رہی ہے کہ بی جے پی کرناٹک میں ان کے ممبران اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کررہی ہے اور اسی وجہ سے انہیں اپنے ممبران کو محفوظ رکھنے کیلئے پہلے بنگلورو کے ریزارٹ اور پھر بس کے ذریعہ حیدرآباد لے جانا پڑا۔