سرینگر//کلچرل اکیڈیمی اور ریڈیو کشمیر سرینگر کے باہمی اشتراک سے نامور ادیب، شاعر اور براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد کے اعزاز میں کل کلچرل اکیڈیمی کے سمینار ہال لال منڈی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں موصوف کے علمی اور ادبی کارناموں کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی اعزاز پوشی بھی کی گئی۔ تقریب ’’ نامور‘‘ سلسلے کی دسویں کڑی تھی جس میں سرکردہ ادیبوں، شاعرو ں اور قلمکاروں نے شرکت کرکے عبدالاحد فرہاد سے اُن کی ادبی کاوشوں کے بارے میں استفسارات کئے۔اکیڈیمی کے چیف ایڈیٹر محمد اشرف ٹاک نے اُن اقدامات کا تفصیلی تذکرہ کیا جو ریڈیو کشمیر اور کلچرل اکیڈیمی وادی میں فن، تمدُن اور ثقافت کے فروغ کے لئے مُشترکہ طور کررہے ہیں۔ریڈیو کشمیر کے ناظمِ اعلیٰ سید ہمایوں قیصر نے عبدالاحد فرہاد کو ایک ہمہ پہلو شخصیت قرار دیا جنہوں نے ادب اور براڈکاسٹنگ کے شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دئے ہیں۔تقریب میں غلام نبی شاکر نے عبدالاحد فرہاد کی ادبی خدمات کا احاطہ کرنے والا ایک مقالہ پیش کیا۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عبدالاحد فرہاد نے ادب، ترجمہ کاری، تصوف اور براڈکاسٹنگ کے شعبوں میں اپنی وابستگی پر روشنی ڈالی۔ سوال و جواب کی نشست میں ادب کے مختلف گوشوں پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا اور اِسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض براڈکاسٹر رشید نظامی نے انجام دئے جبکہ ریڈیو کشمیر کے پروگرام آفسیر ستیش ومل نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔تقریب میں جن سرکردہ شخصیات نے حصہ لیا اُن میںشکیل الرحمان، رشید راہیل، مقبول فیروزی، پرویز مانوس، جمیل انصاری، ڈاکٹر سید افتخار، ڈاکٹر شبنم رفیق، غلام رسول آخون، ثمینہ شاہ، آج تک نیوز چینل کے اشرف وانی، طارق لون، شبیر حُسین شبیر، محمد ایوب میرنعیم، گُلاب سیفی، اسلم نقشبندی، حسرت حمید، محمد اقبال لون وغیرہ شامل ہیں۔