گاندربل//نالہ سندھ سے ریت،باجری اور بولڈر نکال کر اپنا روزگار کمانے والے افراد نے گورنمنٹ کی جانب سے جاری ایس آر او نمبر 105 کے خلاف گاندربل صفاپورہ شاہراہ پر دودھرہامہ کے مقام پرکئی گھنٹوں تک دھرنا دیا۔انہوں نے اس ایس آر اوکو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔نالہ سندھ سے ریت، باجری اور دیگر تعمیراتی میٹرئل نکالنے کے لئے پانچ سال کے لئے اسے لیز پر دینے کیلئے ٹینڈر نکالے گئے ہیں اوراس سلسلے میں جمعرات 5 اکتوبر کو ضلع گاندربل میں نالہ سندھ کو لیز پر دیا جارہا ہے جس کے خلاف مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں مزدوروں نے دودھرہامہ میں احتجاج کیا اور دھرنا دیتے ہوئے مانگ کی کہ نالہ سندھ کو پانچ سال لیز پر دینے سے انہیںفاقہ کشی کی نوبت آئے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر منسوخ کردیا جائے۔اگرچہ پولیس نے انہیں یقین دہانی کی لیکن انہوں نے ایک نہیں مانی اور پولیس پر پتھراؤ شروع کیا جس کی زد میں ڈی ایس پی کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور ٹیئر گیس شلنگ کرتے ہوئے مظاہرین کو تتر بتر کردیا۔پولیس نے اس ضمن میں کیس زیر نمبر 201/2017 درج کرتے ہوئے کئی مظاہرین کو گرفتار کیا۔