اننت ناگ //اچھہ بل چشمہ میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہونے کے بعد مقامی لوگوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔کہا جارہا ہے کہ برنگی نالہ کوکر ناگ میں جو پانی زیر زمین چلا جارہا ہے وہ اچھی بل چشمہ سے نکل گیا ہے کیونکہ پانی کا رنگ بالکل ویسا ہی ہے جیسا برنگی نالہ کے پانی کا ہے۔اچھہ بل چشمے سنیچر کی شام سے ابل پڑا اور بہت مقدار میں پانی باغ میں جمع ہواجس سے مقامی لوگوں کو ڈوبنے کا خدشہ ہوا۔تاہم، ان کی راحت کے لیے پانی کی سطح اتوار کی صبح اب کافی نیچے آگئی ہے۔فلوری کلچر حکام کا کہنا ہے کہ ایک مرحلے پر ایسا لگ رہا تھا کہ اس سے پورا باغ ڈوب جائے گا۔ تاہم صبح کے اوقات میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوئی اور آہستہ آہستہ معمول پر آ تی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ پوری رات جاگتے رہے، باغ میں اس خوف سے جمع رہے کہ کہیں پانی ان کے گھروں میں نہ گھس جائے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی صورتحال انہوں نے 1995 میں بھی دکھی تھی جب 27برس قبل نالہ برنگی کا پانی اچانک زیر زمین چلا گیا اور پورا نالہ خشک ہوا۔ اسکے بعدپھر پانی کا اخراج اچھہ بل میں نظر آیا۔محکمہ اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کا کہنا ہے کہ 27برس قبل جب برنگی نالہ میں پانی زیر زمین چلا گیا تو او وقت نالہ کو بھرنے کیلئے ریت کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکے بعد اچھہ بل چشمہ میں پانی ابل پڑا جس کا رنگ گدلا تھا جیسا برنگی نالہ کا تھا۔برنگی نالہ میں7 فٹ گہرے عمودی سوراخ سے پانی زیر زمین جارہا ہے اور یہ صورتحال 12جنوری سے شروع ہوئی ہے۔ فلڈ کنٹرول محکمہ کا کہنا
ہے کہ انہوںنے سوراخ بھرنے میں تقریباً انتظام کر لیا ہے اور پانی اب آسانی سے بہہ رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اچھہ بل میں پانی کی سطح میں اچانک اضافے کو سنکھول کے زیر زمین خارج ہونے کی وجہ قرار دینے کی دلیل کو مسترد کردیا۔