اشرف چراغ
کپوارہ // راجوار ہندوارہ کے ناگرناراور بجارڈ محلہ کے مکینوں نے نجی ٹیلی کام آپریٹر کمپنیوں’جیو اورایئرٹیل‘پر وائس کالز اور موبائل انٹرنیٹ سروس کی خرابی کا الزام لگایا جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صارفین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں اپنے علاقے میں گزشتہ کئی سالوں سے بے ترتیب کالنگ اور انٹرنیٹ سروسز کی وجہ سے بہت زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقے میں موبائل نیٹ ورک کی کمی کی وجہ سے مشکل سے کال کر سکتے ہیں اور ایمرجنسی کے دوران انہیں ایک کال کرنے کیلئے اپنے گاؤں سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں ٹاور لگانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو بہتر موبائل سروس فراہم ہوسکے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ وہ انٹرنیٹ کی کمی کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ آن لائن کلاسز لینے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کپوارہ آیوشی سودن اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔