رام بن///جموں سرینگر قومی شاہراہ،جو کہ وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑتی ہے، کے ناشری سے جواہر ٹنل تک کا 65 کلو میٹر کا حصہ گُذشتہ دو سال سے نہایت ہی خستہ ہے ۔شاہراہ پر چلنے والے مسافروں اور ڈرائیوروں کا الزام ہے کہ سرکار اس شاہراہ کو فراموش کر گئی ہے اور اسے مرمت کرنے کی فہرست سے نکال دیا ہے۔انہوں نے مزید الزام لگایا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے کنٹریکٹر کمپنیوں کی غفلت شعاری سے یہ شاہراہ گہری خندقوں میں تبدیل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ پر ناشری سے رام بن اور رام بن سے رام سو ،رام سو سے بانہال اور بانہال سے جواہر ٹنل تک کئی اندھے اور تیز موڑ ہیں،جس کی وجہ سے بعض اوقات اس حصے پر کئی گاڑیاںآپس میں ٹکراتی ہیں،جس سے مالی و جانی نُقصان ہوتا ہے۔اس شاہراہ پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں دوران سفر ہمیشہ سے ہی خطرہ رہتا ہے۔اس شاہراہ پر گاڑیوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ سے اکثر جام لگا رہتا ہے جسکی وجہ سے شاہراہ پر سفر کرنے والے اپنے دفاتر، اداروں ،ضلع و سب۔ ڈویژن میں وقت پر نہیں پہنچتے ہیں۔ایسا شاہراہ پر کنٹریکٹروں کی جانب سے اس کے رکھ رکھائو میں کوتاہی برتنے کی وجہ سے ہوتاہے۔انہوں نے کہا نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو شاہراہ چور لیننگ بننے تک اسکی مرمت و رکھ رکھائو کے کام کی ذمہ واری ہے ،جو وہ انجام دینے میں ناکام رہے ہیں۔