بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر ناشری، رام بن اور بانہال کے درمیان روز کے بدترین ٹریفک جام نے مسافروں کی ناک میں دم کردیا ہے۔پچھلے ایک مہینے سے شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو ٹریفک جام کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سنیچرکو بھی شاہراہ پر رامسو، شیر بی بی اور بانہال کے درمیان کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہنا پڑا۔ ایک مقامی ٹرانسپورٹر محمد اشرف میر نے بتایا کہ پچھلے ماہ 24 اگست کو رام سو علاقے میں بھاری پسی اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت تین روز تک بند تھی اور تب سے اب تک چند دنوں کو چھوڑ کر روزانہ کئی کئی گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنگ اور خستہ سڑک پر چھوٹی گاڑیوں کی اور ٹینکنگ اور ٹریفک پولیس کی اس پر قابو پانے میں ناکامی اسکی بڑی وجہ ہے۔ٹریفک جام کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کے علاوہ بانہال اور رام بن کے درمیان روزانہ کالجوں ، سکولوں ، ہسپتالوں اور سرکاری دفتروں کا رخ کرنے والے سینکڑوں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔سنیچرکو بھی رامسو شیر بی بی اور قصبہ بانہال کے درمیان وقفے وقفے سے ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت کئی گھنٹوں تک متاثر ہو کر رہ گئی ۔ ایس ایس پی ٹریفک شکتی کمار پاٹھک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ کی کشادگی اور تعمیر کے کام کی وجہ سے سڑک کئی جگہوں پر یکطرفہ ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے بھاری ٹریفک کا سلسلہ ٹریفک جام کی صورت اختیار کر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ناشری ٹنل اور جواہر ٹنل کے درمیان روزانہ دس بارہ مال بردار گاڑیاں سڑک کے بیچ خراب ہو جاتی ہیں اور دو طرفہ ٹریفک کی نقل وحرکت رک جاتی ہے جو شدید ٹریفک جام کا سبب بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانہ بدوش بکرالوں کی نقل و حمل بھی ٹریفک جام کا سبب بنی ہوئی ہے۔