جموں//نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کاری ، پیداوار اور ترسیل میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے کئی فلیگ شپ سکیموں کو ریاست میںعملایا جارہا ہے تاکہ صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے ہدف کو حاصل کیا جاسکے ۔ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر سنگھ نے ضلع بڈگام کے وترہیل اور آری زال دیہات میں محکمہ بجلی کی طرف سے قائم کئے گئے 33/11 کے وی صلاحیت والے دو رسیونگ سٹیشنوں کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب میںکیا۔اس موقعہ پر وزیر مملکت بجلی آسیہ نقاش، ممبرا سمبلی حکیم محمد یاسین ، ایم ایل سی سیف الدین بٹ کے علاوہ محکمہ بجلی سے وابستہ اعلیٰ حکام اور انجینئر موجود تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان دو ریسونگ سٹیشنوں کے قیام سے 18300 صارفین کو بجلی کی سہولیت دستیاب ہوگی۔ضلع بڈگام کے 20دیہات کو مستفید کرنے والے ان ریسونگ سٹیشنوں پر 6کروڑ 94لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں بجلی نظام میں توسیع لانے کے لئے مختلف نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیںجس کے لئے مرکزی سرکار نے.59 1189 کروڑ روپے پی ایم ڈی پی کے تحت منظور کئے ہیںاور ان سکیموں کی عمل آوری کے لئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں۔