عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری ، جو روڈز اینڈ بلڈنگز کے وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں ، نے کل ایم ایل اے چاڈورہ علی محمد ڈار کے ہمراہ لسجن ۔ سمربُگ علاقے کا تفصیلی دورہ کیا ۔ سریندر چودھری نے چیف انجینئر روڈز اینڈ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ لسجن ۔ کدل بل روڈ پر فوری طور پر کام شروع کیاجائے جسے 11 کروڑ روپے کی لاگت سے Rigid pavement کے ذریعے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسر کو ہدایت دی کہ نومبر کے آخر تک زیر التوا کام مکمل کیا جائے تا کہ رابطہ سڑک دسمبر تک عام عوام کیلئے کھول دی جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ متعلقہ افسران سیر ۔ سمر بُگ پُل کا باقی ماندہ کام 15 دسمبر تک مکمل کریں ۔ جو کہ دو کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تا کہ عوام کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے ۔چودھری نے وانا بل ۔ نوگام روڈ پر جاری میکڈمائیزیشن کا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ ایکسین کو ہدایت دی کہ سڑک کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے استعمال ہونے والے مواد کا معیار چیک کیا جائے ۔