آفیسران کو کانگڑی علاقہ میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت جاری کیں
رمیش کیسر
سندر بنی //جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے تحصیل بیری پتن کے پنا کھیتڑ، کانگڑی میں ایک عوامی رابطہ پروگرام منعقد کیا، جہاں انہوں نے مقامی افراد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔پروگرام میں عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جنہوں نے حکومت کی عوامی رابطہ پالیسی کا خیرمقدم کیا۔ دورانِ پروگرام عوام نے تحصیل دفتر کے بیری پتن منتقلی، ٹانڈہ میں ویٹرنری سب سنٹر کے قیام، بجلی کے کھمبوں کی تنصیب، گرودوارہ سنگھ سے مرکزی سڑک تک سڑک کی تعمیر، پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں تیزی، کانگری میں جے کے بینک برانچ کے قیام اور میڈیکل سب سنٹر کے قیام جیسے اہم مسائل اٹھائے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے مسائل کو غور سے سنا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے اور ترقیاتی عمل کو ہر علاقے تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے افسران کو متنبہ کیا کہ سرکاری سبسڈی اسکیموں کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کھاد کے نرخوں میں اضافی وصولی کرنے والے ڈیلروں کے لائسنس منسوخ کئے جائیں گے۔مزید برآں، عوامی سہولت کے پیش نظر انہوں نے تحصیلدار بیری پتن کا دفتر پنچایت گھر کانگڑی میں فعال کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری، ڈاکٹر راج کمار تھاپا کو ہدایت دی کہ وہ سرحدی علاقوں میں عوامی رابطہ پروگراموں کو تواتر کے ساتھ منعقد کریں اور ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے تبادلے کئے جائیں۔اس موقع پر اے ڈی سی نوشہرہ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی پیر پنجال، انیل کمار پندوہی، ایس ای پی ڈبلیو ڈی دیوی دیال اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے عوامی مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔