نئی دہلی // بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اور کشمیر امور انچارج رام مادھو کا کہنا ہے کہ ریاست میں نئے گورنر کی نامزدگی آئندہ چند ہفتوں کے اندر کی جائیگی۔رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ مہارشٹرا کے موجودہ گورنر سی ودھیا ساگر، جو کئی دہائیوں سے آر ایس ایس کے کڑ حامی تصور کئے جاتے ہیں، اور کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل اور سابق سیکریٹری وزارت داخلہ راجیو مہارشی کے نام گورنر کے عہدے کیلئے لئے جارہے ہیں۔ایک رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریاست کے مختلف معاملات پر گورنر این این ووہرا اور بھاجپا لیڈر شپ کے درمیان متضاد رائے پائی جاتی ہے اور خصوصاً دفعہ 35A اور ریاستی اسمبلی کی بحالی کے معاملات پر، انکے درمیان مختلف نکتہ نظر پایا جاتا ہے۔رام مادھو نے ریاست میں حکومت سازی کے معاملے پر کہا’’ اس وقت ہم گورنر راج جاری رکھنے کو فوقیت دے رہے ہیں،ہم اس بات کے حق میں ہیں کہ اسمبلی کو معطل ہی رکھا جائے، لیکن ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ سیاست کس طرح چلتی ہے‘‘۔