بلال فرقانی
سرینگر//محکمہ خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ تخمینہ کے تحت تمام محکموں اور ضلع ترقیاتی کمشنروںسے کہا ہے کہ ضلع کیپیکس بجٹ کے تحت سرگرمیوں کو حتمی شکل دینے کیلئے وہ اپنے کاموں کے منصوبے ’بجٹ، تخمینہ، مختص اور نگرانی نظام‘کے پورٹل پر واضح نتائج کے ساتھ اپ لوڈ کریں۔ جوائنٹ ڈائریکٹر بجٹ شفاعت یحیٰ نے ہدایت کی ہے کہ محکموں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کی توجہ جاری اور نئے کاموں کی تکمیل پر ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایک آخری تاریخ طے کرتے ہوئے مالی سال2024-25 کے دوران نئے کاموں یا سرگرمیوں کی تکمیل کی ٹائم لائن ایک سے دو سال کے درمیان ہونی چاہئے۔انکا کہنا ہے’’ جامع پروجیکٹوں کے غیر معمولی معاملات میں محکمہ ٹائم لائن کو تین سال تک بڑھا سکتا ہے‘‘۔چونکہ پارلیمنٹ نے صرف ایک عبوری بجٹ (ووٹ آن اکاؤنٹ) کی منظوری دی ہے، اسلئے 2024-25میں ہر کام کیلئے بجٹ میں سے صرف 50 فیصد کی حد تک فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
جوائنٹ ڈائریکٹر بجٹ نے کہا’’ بجٹ تخمینہ2024-25 میں سے کیپیکس بجٹ کی بروقت اجازت کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ خزانہ نے کیپیکس بجٹ کی زیادہ سے زیادہ حد بتائی جس میں ڈسٹرکٹ کیپیکس شامل ہے‘‘۔ 2024-25کے بجٹ کو حتمی شکل دیتے ہوئے انتظامی کونسل اور لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے دی گئی تمام ہدایات چیف سیکرٹریوں کی کانفرنسوں کی سفارشات، مقامی حکومتی اداروں کے ساتھ مشاورت اور ’آئو چلیں گائوں کی اور‘پروگراموں کے تحت محکموں کی طرف سے موصول ہونے والی رائے، عوامی دربار، عوامی شکایات کے اجلاس وغیرہ کا جائزہ کو ملحوظ نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ خزانہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ نئے کام یا سرگرمیاں صرف اسی صورت میں اپ لوڈ کی جائیں گی جب 2024-25میں اس طرح کی سرگرمیوں کیلئے بجٹ کی رقم منصوبے کی منظور شدہ لاگت کا کم از کم 40 فیصد ہو۔تمام زیر التوا کاموں اور جاری کام یا سرگرمیاں جن کی 2024-25بجٹ کے دوران یا زیادہ سے زیادہ اگلے سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے آئندہ، کیپیکس بجٹ میں پہلی ترجیح ہوگی۔