عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ابھینو تھیٹر جموں میں دو روزہ کلچرل فیسٹیول ‘نیو جے اینڈ کے-نیو ہوپ’ کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے بھرپور میوزیکل ورثے اور لوک فن کی وراثت کو ظاہر کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس سرزمین کو انتہائی باصلاحیت لوگوں سے نوازا گیا ہے جنہوں نے معاشرے کو متحد کیا ہے اور اپنے فن کے ذریعے قومی یکجہتی میں زبردست حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فنکاروں پر فخر ہے جیسے پدم شری حاصل کرنے والے لوک آرٹسٹ ایس رومالو رام جو جموں کشمیر کے لوک فن اور ثقافتی ورثے کو فروغ دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونین ٹیریٹری کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو پلیٹ فارم اور ضروری ہینڈ ہولڈنگ فراہم کرنے کے لیے UT انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر فنکاروں کو ان کی دلکش پرفارمنس پر مبارکباد بھی دی۔کلچرل فیسٹیول میں جموں کشمیر کے مختلف حصوں سے کل 450 فنکار حصہ لے رہے ہیں۔