اسلام آباد //نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں انجام دینے والے سہیل محمود کو نیا سیکریٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکریٹری خارجہ بنانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ موجودہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اپنے عہدے اپریل میں سبکدوش ہورہی ہیں۔قریشی نے بتایا کہ سہیل محمود امریکا، تھائی لینڈ اور ترکی کے سفیر رہ چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔