سرینگر//حریت (گ) نے نئی دلی پر کشمیر تنازعہ سے متعلق غیر منصفانہ اپروچ ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہنئی دلی نے تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی آنکھیں لگاتار بند رکھی ہوئی ہیں اور وہ نہ صرف بھارت کے شہریوں بلکہ اقوام عالم کو لگاتار دھوکہ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔حریت وفدنے چھی اننت ناگ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ وفد میں نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان، تحریک مزاحمت کے چیئر مین بلال صدیقی، اسلامک پولٹیکل پارٹی کے چیئر مین محمد یوسف نقاش اور مسلم ڈیمو کریٹک فرنٹ کے چیئر مین حکیم عبد الرشید شامل تھے۔مذکورہ لیڈران نے کہا کہ بھارت اقوام عالم کو لگاتار دھوکہ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ زور دار عوامی تحریک نے بہت حد تک بھارتی پالیسی کو طشت از بام کیا ہے اور اب دنیا جان رہی ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کوئی دہشت گردی یا امن و قانون کا مسئلہ نہیں بلکہ حق خود ارادیت کی ایک تحریک ہے۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس عوام کی طرف سے دی جانی والی قربانیوں کی ہر صورت میں حفاظت کرے گی اور کسی بھی شخص کو عوام کی قربانیوں پر سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نئی دلی پر زور دیتے ہوئے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں روایتی پالیسی چھوڑ کر حل کی راہ اپنائے۔