میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
پابہ جولان ہو، دیدہ گریان ہوں
مضحل جان ہوں، سوگ سامان ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
میرے شہروں میں خوں میری نہروں میں خوں
پھول چہروں پہ خوں آب لہروں میں خوں
میں سراپا الم، میں پریشان ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
میرے بچے یہاں خون میں تر بہ تر
میرے بوڑھے لہو ہی لہو سر بسر
زخم ہی زخم ہوں، سینہ بریاں ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
وہ میری بیٹیوں کا ڈوپٹہ کہاں
اُن سے چھینی گئی ہے وہ سر کی ردا
اُن کی شرم وحیا پر میںقربان ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
کٹ رہے ہیں جگر لٹ رہے ہیں شہر
وہ میرے لاڈلے پھر رہے دربہ در
کیوں ملی یہ سزا میں تو حیران ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
میرے سینے پر قائم ہے اقصیٰ یہاں
کتنا پاکیزہ اس کا ہے ہر ہر نشان
مسلم خستہ دل تیری پہچان ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
آگئے ایک شب سیدؐ الانبیاء
مقتدا وہ بنے مقتدی انبیاء
مسکن سالحیں رب کافرمان ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
پھول کھلتے تھے ہر سو مہکتی ہوا
فصل بارود ہے اب دھواں ہی دھواں
آگ ہی آگ ہے میں تو لرزاں ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
اے میرے وارثو! کھو گئے تم کدھر
اُمت مسلمہ! سو گئی تو کدھر
اب تو جاگو ذرا، اشک افشاں ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
میرے مولا مدد! ہے یہ میری صدا
ہو میرے حال پر اک کرم کی نگاہ
نوحہ خواں آج ہوکھو چکا شان ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
ظلمتوں میں نوید سحر سے خدا
سن بشارتؔ کی پر سوز آہ وندا
تیرے درکا گدا میں بہر آن ہوں
میں فلسطین ہوں خوں بدامان ہوں!
9419080306