عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے/24 2023 بیچ کے نرسنگ طلبہ نے جموں یونیورسٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کالج کے سامنے مین روڈ کو گھنٹوں بند رکھا۔طلباء نے فزیالوجی اور کیمسٹری مضامین میں بڑی تعداد میں ناکامی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ جموں یونیورسٹی سے وابستہ تمام میڈیکل کالجوں میں بہت کم طلبہ کامیاب ہوئے ہیں، جو امتحانی نظام کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ یونیورسٹی کا امتحانی نظام غیر منصفانہ ہے اور طلبہ کو نتائج جاری کرنے کے بعد ری ایویلیوایشن یا ری چیکنگ کے لئے فارم جمع کرانے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔طلباء نے یہ بھی شکایت کی کہ دوبارہ امتحان کے لئے 3000 روپے کی فیس بہت زیادہ ہے، جو کہ مالی طور پر بوجھ بن چکی ہے، خاص طور پر اْن طلباء کے لئے جو پہلے ہی تعلیمی دباؤ میں ہیں۔یہ احتجاج کئی گھنٹے جاری رہا اور ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوا، جس کے بعد پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔طلباء نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور مسئلے کے حل کے لئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔