غلام محمد
سوپور//خیرسگالی اور کھیلوں کے جذبے کی ایک شاندار مثال پیش کرتے ہوئے جمعرات کے روز سوپور میڈیا ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیم اور ویلکن سکول اساتذہ کرکٹ ٹیم کے درمیان ایک دوستانہ میچ ایس آر ایم ویلکن سکول سوپور کے کھیل میدان میں کھیلا گیا۔اس تقریب کا موضوع خوبصورت جذبہ رکھا گیا تھا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور ایس۔ اے۔ رینہ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور افتخار طالب مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ میچ کو ویلکن انسٹی ٹیوٹ کے سینکڑوں پرجوش طلبا اور عملے کے ارکان نے دیکھا۔اس موقع پر ایس،ایس،پی سوپور افتخار طالب نے دونوں ٹیموں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا: کھیل ہی بہترین ذریعہ ہیں جن کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھ کر مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ اے،ڈی،سی سوپور نے کھیلوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے لیے اہمیت کو اجاگر کیا۔میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کو انعامات اور ٹرافیاں پیش کی گئیں۔