سرینگر //باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ جواہر ٹنل کو میوہ سیزن کے دوران 24 گھنٹے کھلا رکھیں تا کہ میوے کو بلا کسی رکاوٹ کے وادی سے باہر منڈیوں تک پہنچایا جاسکے۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا جس میں سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پر میوے سے لدھے ٹرکوں کی احسن طریقے پر نقل و حمل کا جائیزہ لیا گیا۔واضح رہے کہ حکومت نے2017 کو ایپل ایئر قرار دیا ہے۔ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ بورڈ کے وائس چیئرمین عبدالاسلام ریشی، جے کے ایچ پی ایم سی کے وائس چیئرمین غلام محمد میر، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، آئی جی ٹریفک جگجیت کمار، سیکرٹری ہارٹی کلچر منظور احمد لون،ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ایکسائز کمشنر محمد جاوید خان، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ منظور احمد قادری، ڈپٹی ڈازئریکٹر اطلاعات و رابطہ عامہ شیخ ظہور، کمانڈنگ افسر24 بٹالین سی آر پی ایف ٹنل سمیت کمار، کمانڈنگ افسر بیکن ٹنل وریندر سنگھ، جے کے بنک کے افسران کے علاوہ میوہ انجمنوں کے نمائندے بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ڈویثرنل کمشنر جموں مندیپ کمار بھنڈاری، آئی جی پولیس جموں ایس ڈی سنگھ اور دیگر انتظامی افسروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میوہ صنعت کی افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے اس منافع بخش سیکٹر کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے ایک جامع پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پر میوے سے بھرے ٹرکوں کو چلنے کے لئے ترجیح دی جانی چاہئے۔انہوں نے میوہ سیزن کے دوران گاڑیوں کے کرایہ پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت دی تا کہ میوہ آگانے والوں سے زیادہ کرایہ وصول نہ کیا جائے۔بخاری نے صوبائی کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ میوے کو لے جانے کے لئے ٹرکوں کا معقول انتظام کرائیں۔اس موقعہ پر تاجر انجمنوں کے نمائندوں نے وزیر کو جانکاری دی کہ پولیس رات 8 بجے سے پہلے میوہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔ وزیر نے آئی جی پی کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ پر غور کریںا ور آزاد پور منڈی میں ٹریفک جامنگ سے جڑے مسائل کو بھی حل کرائیں۔وزیر نے صوبائی کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ ایک افسر کو تعینات کریں جو ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ محکمہ کے ساتھ باہمی رابطہ بنائے رکھیں گے تا کہ میوے کو اسانی سے اپنی اپنی منزلوں تک پہنچایا جاسکے۔