جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے سنگیوٹ علاقے کی پنچایت چنڈیال کے وارڈ نمبر دو اور سات میں آج بھی بجلی کی تاریں لکڑی کے کھمبوں اور درختوں کے ساتھ آویزاںہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے اس مسئلے کو لے کر اپنی پارٹی کے ترجمان رقیق احمد خان کے دورے کے دوران شکایت کی اور متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم ہر ماہ بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہا متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے شکایت کی گئی، لیکن ہماری کوئی نہیں سنتا۔ مقامی لوگوں نے شکوہ کیا کہ چونکہ یہ ایک دور دراز اور پہاڑی علاقہ ہے، جو راجوری کی سرحد سے متصل ہے، اس لئے انتظامیہ نے انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے۔ایک مقامی شخص محمد شفیق نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں اور پانی کی فراہمی کی حالت بھی انتہائی خستہ ہے، اور ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں بجلی کے یہ ننگے تار کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں، لیکن محکمہ بجلی کے افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔دورے کے دوران اپنی پارٹی کے ترجمان رقیق احمد خان نے عوام کے مسائل غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ علاقے میں بجلی کا نظام بہتر کیا جائے اور عوام کو درپیش دیگر مشکلات کا بھی جلد از جلد ازالہ ہو۔رقیق خان نے مزید کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ آج کے جدید دور میں بھی ایسے علاقے موجود ہیں جہاں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر علاقے میں بجلی کے نئے کھمبے نصب کیے جائیں، ٹرانسفارمرز کو اپ گریڈ کیا جائے اور سڑک و پانی جیسی بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔