جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں حالیہ دنوں ایک تشویشناک رجحان دیکھنے کو ملا ہے جہاں بارشوں کے دوران کئی پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیور اپنی گاڑیاں ندی نالوں اور پانی سے بھری سڑکوں سے گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ عمل نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ مسافروں کی قیمتی جانوں کو بھی براہِ راست خطرے میں ڈال رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق موسمی نالوں میں بارش کے دوران پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ جاتا ہے اور اس کی رفتار بھی تیز ہو جاتی ہے۔ ایسے میں جب ڈرائیور گاڑیاں تیز پانی کے بیچوں بیچ سے گزارنے کی کوشش کرتے ہیں تو کسی بھی لمحے بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ کئی مرتبہ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ گاڑیاں پانی کے دباؤ میں پھنس گئیں جس کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔شہریوں نے اس صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیور اپنی جلد بازی اور لاپرواہی سے حادثات کو دعوت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر اس رجحان پر قابو نہ پایا گیا تو کسی بڑے سانحے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔مقامی آبادی نے انتظامیہ اور پولیس سے اپیل کی ہے کہ ایسے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں سیلابی ریلوں یا طغیانی کے دوران ندی نالے عبور کرنے سے مکمل طور پر روکا جائے۔ عوامی نمائندوں نے بھی کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ وہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور مسافروں کو غیر ضروری خطرات میں نہ ڈالیں۔واضح رہے کہ مونسون کے موسم میں مینڈھر اور گردونواح کی سڑکیں اکثر موسمی نالوں کے پانی سے بھر جاتی ہیں، جس کے باعث آمد و رفت متاثر ہوتی ہے۔ ایسے حالات میں معمولی سی غفلت بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ متعلقہ حکام فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔