مین پوری//اترپردیس میں مین پوری کے دناہار علاقے میں آج صبح ایک تیز رفتار بس پلٹ جانے سے 16 افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہوگئے ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے شنکر رائے نے کہا کہ جے پور سے فرخ آباد جارہی تیز رفتار بس اٹاوہ ۔ مین پوری مارگ پر کیرت پور چوکی کے نزدیک موڑ پر بے قابو ہوکر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں 16 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 17 دیگر زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ سنگین طور پر زخمی تین افراد کو سیفئی میڈیکل کالج میں داخل کرادیا گیا ہے جبکہ 14 لوگوں کا ضلع اسپتال میں علاج ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے .مسٹر رائے نے بتایا کہ فرخ آباد کے مان ٹرانسپورٹ کی بس جے پور سے تقریبا 33 لوگوں کو لے کر فرخ آباد آ رہی تھی۔ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریبا 13 کلومیٹر دور دناھار علاقے میں اٹاوہ-مین پوری مارگ پر کیرت پور چوکی کے قریب تیز رفتار بس موڑ پر بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد پلٹ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح پانچ بجے بس کی تیز رفتار کی وجہ سے ہوا ہے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر پولیس فورس کے ساتھ جائے حادثہ پرپہنچے اور زخمیوں کو بس سے نکلواکر اسپتال بھیجا۔انہوں نے بتایا کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔ مسٹر رائے نے بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر لوگ آس پاس کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔ان میں کچھ سیاح بھی ہوسکتے ہیں جن کی شناخت کی جا رہی ہے ۔یو این آئی