سرینگر//حکومت نے اس بات کوواضح کیا ہے کہ میلہ کھیر بھوانی کو جانے والے یاتریوں کو رجسٹریشن کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ ڈیساسٹر منیجمنٹ ، امداد ، باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے آج کہا کہ ڈپٹی کمشنر ریلیف ( مائیگرنٹس ) کی طرف سے جاری کی گئی نوٹس کی تحقیقات کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔اس کمیٹی کی سربراہی کمشنر سیکرٹری ریلیف ، باز آباد کاری اور ڈیساسٹر منیجمنٹ کریں گے ۔ حکومت نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کلدیپ کرشن سدھا کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لانے کا حکم دیا ہے ۔ وزیر نے اس بات کوواضح کیا کہ کشمیری پنڈت ریاست کے مستقل باشندے ہیں اور انہیں سالانہ کھیر بھوانی میلے میں شرکت کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی رجسٹریشن کی کوئی ضرورت نہیں ۔